سید الشہداء حضرت امام حسین (علیہ السلام) اور ان کے برادرِ باوفا حضرت ابو الفضل العباس (علیہ السلام) کے جوارِ اقدس میں مرحوم آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد اسحاق الفیاض (رضوان اللہ علیہ) کے مراسمِ تشییع میں شریک سوگواران کے چہروں پر غم و اندوہ عیاں تھا۔
تشییعِ جنازہ میں شرکت کے لیے آنے والے عقیدت مندوں کے جمع غفیر نے اس عظیم سانحے پر اپنے گہرے رنج و ملال اور صدمے کا اظہار کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ مرحوم نے اپنی ساری زندگی علومِ دین کی تدریس، مکتبِ اہل بیت (علیہم السلام) کے معارف کی نشر و اشاعت اور انسانی معاشرے کی بے لوث خدمت میں صرف کی۔
واضح رہے کہ آیت اللہ العظمی شیخ محمد اسحاق الفیاض طویل علالت کے بعد گزشتہ روز (جمعرات کی) صبح دارِ فانی سے کوچ کر گئے۔ انہوں نے دارالحکومت بغداد کے ایک ہسپتال میں دنیا کو خیر باد کہا۔
اعلیٰ دینی قیادت، حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ) نے آیت اللہ شیخ محمد اسحاق الفیاض (رضوان اللہ علیہ) کے سانحہ ارتحال پر گہرے رنج و غم اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے مرحوم کی حوزہ علمیہ کے لیے گراں قدر علمی خدمات، اور علومِ اہل بیت علیہم السلام کی ترویج و اشاعت میں ان کے لازوال کردار کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

















